وزیراعظم شہباز شریف کا بڑھتی آبادی پر تشویش کا اظہار، ذمہ دارانہ منصوبہ بندی پر زور

06:07 PM, 11 Jul, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں متوازن اور خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے ذمہ دارانہ آبادی کی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں پاکستان کی سالانہ آبادی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد کا ذکر کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور حلقوں پر زور دیا کہ وہ آبادی میں اضافے کو ایک اہم قومی مسئلے کے طور پر سنجیدگی سے لیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ملک کی معیشت، صحت کے نظام، تعلیم، وسائل اور دیگر بنیادی شعبوں پر دباؤ بڑھا رہی ہے، جس کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔

آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومت نے حال ہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جس میں آرمی چیف کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے جامع اقدامات تجویز کیے جا سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، اراکین پارلیمنٹ، ترقیاتی اداروں، سول سوسائٹی، تعلیمی ماہرین، نجی شعبے، مذہبی اسکالرز، میڈیا اور مقامی برادریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی مشترکہ ذمہ داری ادا کرتے ہوئے آبادی سے متعلق شعوری فیصلوں، ذمہ دارانہ والدین، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کے فروغ میں کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں کی مشترکہ کوششوں سے ہی آبادی میں اضافے کے اثرات کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکتا ہے اور پاکستان کے لیے ایک مضبوط، منصفانہ اور ترقی یافتہ مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
 
 

مزیدخبریں