پنجاب میں شدید گرمی کی لہر برقرار ، درجہ حرارت میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کا امکان

12:52 PM, 11 Jun, 2025

لاہور  :  پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، اور 13 جون تک درجہ حرارت میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، اور ملتان میں ہیٹ ویو کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ لاہور سمیت پورے پنجاب میں شدید گرمی کی لہر 13 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

شدید گرمی سے متاثرہ شہروں میں درجہ حرارت کی تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ  بھکر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں  50° بنوں، سرگودھا، نور پور تھل، سبی میں  49° جبکہ ڈی جی خان، گوجرانوالہ، حافظ آباد، جیکب آباد، منڈی بہاؤالدین میں  48° اور لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، دادو میں  47° تاہم اسلام آباد، پشاور، بہاولپور، نواب شاہ 46° تک درجہ حرارت محسوس کیا جائےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 اور 12 جون کے دوران بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری جبکہ جنوبی علاقوں میں 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے  دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے پرہیز کریں
پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں سر کو دھوپ سے محفوظ رکھیں (ٹوپی، رومال، یا چھتری کا استعمال) اور بوڑھوں، بچوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں ۔ اس کے علاوہ  ہیٹ اسٹروک کی علامات محسوس ہوتے ہی فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں۔
پی ڈی ایم اے نے اسپتالوں اور ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

مزیدخبریں