لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انٹرنیشنل ڈے آف پلے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہنستا کھیلتا بچہ خوشی کی علامت ہے اور بچوں کا کھیلنا محض تفریح نہیں بلکہ ذہنی، جذباتی اور تخلیقی نشوونما کی بنیاد ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر بچے کو نہ صرف تعلیم بلکہ کھیلنے، سیکھنے اور بے فکری سے مسکرانے کا حق حاصل ہے، تاہم افسوس ہے کہ کشمیر اور فلسطین کے بچے کھیل سمیت دیگر تمام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سینٹر آف ایکسیلینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن میں بچوں کو کھیل کے ذریعے بھی تعلیم دی جا رہی ہے تاکہ ایسا ماحول اور معاشرہ بنایا جا سکے جہاں ہر بچہ محفوظ، آزاد اور مساوی مواقع سے مستفید ہو کر کھیلنے، سیکھنے اور بڑھنے کے برابر مواقع حاصل کرے۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ بچوں کی صحت مند نشوونما کے لیے کھیل کو ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ آنے والی نسل کو بہتر مستقبل میسر آ سکے۔