اپنا گھر اسکیم: وزیراعظم شہباز شریف کی ضلعی سطح پر سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت

08:32 PM, 11 Jun, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ ’’اپنا گھر اسکیم‘‘ کے تحت ڈسٹرکٹ سطح پر سہولت مراکز قائم کیے جائیں تاکہ عوام کو زمین سے متعلق دستاویزات کے حصول میں آسانی فراہم کی جا سکے۔

اسلام آباد میں اسکیم سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس اقدام پر عوامی دلچسپی اور مثبت ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو بڑی تعداد میں خاندانوں کے لیے گھر کی ملکیت کا خواب جلد حقیقت بن سکتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس اسکیم کی کامیابی سے تعمیراتی شعبے کو فروغ ملے گا، متعلقہ صنعتیں ترقی کریں گی اور مجموعی معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اسکیم میں شامل ہونے والے افراد کے لیے مزید سہولتیں فراہم کی جائیں اور عمل کو زیادہ آسان بنایا جائے۔

انہوں نے وزارتِ ہاؤسنگ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ مل کر درخواست فارم کو مزید سادہ اور قابلِ فہم بنانے کی بھی ہدایت دی۔

وزیراعظم نے بینکوں کو حکم دیا کہ اہل درخواستوں کی منظوری کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولت مل سکے۔

انہوں نے ملک بھر میں آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ’’اپنا گھر اسکیم‘‘ کے تحت اب تک 11 ارب روپے سے زائد کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

ملک بھر سے مجموعی طور پر 67 ہزار 900 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 16 ہزار 587 منظور ہو چکی ہیں جبکہ 3 ہزار 146 افراد کو قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ درخواستوں کو 15 دن کے اندر پراسیس کریں۔
 
 
 

مزیدخبریں