صدر ٹرمپ نے ایران پر مجوزہ حملے منسوخ کر دیے

10:55 PM, 11 Jun, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مجوزہ فوجی کارروائی کو روکنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی میں وقتی کمی کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جن حملوں پر غور کیا جا رہا تھا، انہیں فی الحال منسوخ کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف مزید کارروائی کر سکتا ہے۔ انہوں نے ایران کے خارگ جزیرے اور تیل سے متعلق اہم تنصیبات کے حوالے سے بھی سخت بیانات دیے تھے، جس پر خطے میں تشویش پائی جا رہی تھی۔

دوسری جانب ایران نے امریکی بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر خارگ جزیرے یا دیگر اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا تھا کہ ایرانی مسلح افواج ملک کے دفاع اور خارگ جزیرے کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ٹرمپ کے تازہ اعلان کے بعد عالمی سطح پر اس پیش رفت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ خطے کی صورتحال پر بدستور گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں