چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ رہا، سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کی ترقی کا ضامن ہے: چوہدری شجاعت حسین

چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ رہا، سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کی ترقی کا ضامن ہے: چوہدری شجاعت حسین
سورس: فوٹو: بشکریہ فیس بک

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ رہا، سی پیک دونوں ممالک کے درمیان ناصرف تجارتی معاہدہ ہے بلکہ دونوں ممالک کی ترقی کا ضامن بھی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جبکہ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور کورونا وبا کی نئی لہر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور دونوں کی دوستی وقت گزرنے کیساتھ ساتھ مزید مضبوط اور گہری ہوتی جا رہی ہےجبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ کورونا میں چینی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی احسن انداز میں دیکھ بھال کی ہے۔

چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ چین،پاکستان کی دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں، حکومت کوئی بھی ہو دونوں ملکوں کی عوام ایک دوسرے سے محبت کے لازوال رشتے میں بندھی ہے اور محبت کا یہ تعلق دن بدن مضبوط ہو رہا ہے، ہم چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی کی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔