لاہور : مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے تاشقند کے گورنر زوئیر مرزایوف نے 7 رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پنجاب اور تاشقند کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے تاریخی فیصلے کیے گئے۔ پنجاب اور تاشقند کو باقاعدہ طور پر 'برادر صوبہ' قرار دینے پر اتفاق کیا گیا، جس کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ٹورازم، زراعت، لائیو اسٹاک، میٹ پراسیسنگ اور صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ ازبکستان کی طرز پر لاہور میں 'بابر پارک' قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کی معاشی اور ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ ملکی زراعت کا 70 فیصد پنجاب سے حاصل ہوتا ہے اور یہاں کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سیالکوٹ، وزیرآباد اور فیصل آباد جیسے شہروں کو انڈسٹریل حب کے طور پر متعارف کرایا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ازبکستان سے محبت انہیں ورثے میں ملی ہے۔ انہوں نے ثمرقند کو علم و ہنر کا محور قرار دیتے ہوئے لاہور کے مغل دور کے آثارِ قدیمہ کا تذکرہ کیا۔
قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پاکستانی عوام ازبکستان کے علمی و ثقافتی ورثے پر فخر کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔
گورنر زوئیر مرزایوف نے نواز شریف سے ملاقات کو اعزاز قرار دیا اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی سیاحت کے فروغ کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ ازبکستان میں 74 ممالک کی ڈھائی ہزار کمپنیاں کام کر رہی ہیں، جن میں 22 پاکستانی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر گورنر تاشقند نے صدر ازبکستان کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور وزیراعلیٰ مریم نواز کو ازبکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لیا۔
لاہور اور تاشقند 'برادر صوبہ' قرار؛ نواز شریف اور مریم نواز سے ازبک وفد کی ملاقات، معاشی تعاون کے بڑے معاہدوں پر اتفاق
06:03 PM, 11 Mar, 2026