کراچی :پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) نے ملک کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خام تیل کی فراہمی میں بڑی پیشرفت کا اعلان کیا ہے۔ 10 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل (Crude Oil) لے کر پی این ایس سی کے دو بڑے آئل ٹینکرز پاکستان کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔
پی این ایس سی حکام کے مطابق، آئل ٹینکرز ’ایم ٹی کراچی‘ اور ’ایم ٹی شالامار‘ متحدہ عرب امارات کی فجیرہ بندرگاہ سے خام تیل کی نئی کھیپ لے کر روانہ ہوئے ہیں۔ ایم ٹی کراچی جہاز 12 اور 13 مارچ کے درمیان کراچی کی بندرگاہ پہنچے گا۔ ایم ٹی شالاما ر ٹینکر بھی 13 مارچ کو خام تیل کی بڑی کھیپ کے ساتھ کراچی پہنچ رہا ہے۔ایم ٹی سرگودھا،ڈسچارجنگ کا عمل جاری ہے۔
اس سے قبل پی این ایس سی کا ایک اور جہاز ’ایم ٹی سرگودھا‘ 65,029 میٹرک ٹن خام تیل لے کر کامیابی سے کراچی پہنچ چکا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ اب تک 42,000 میٹرک ٹن خام تیل کی ڈسچارجنگ مکمل کی جا چکی ہے۔ بقیہ 23,000 میٹرک ٹن خام تیل کی منتقلی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
دوسری جانب، پی این ایس سی کا تیسرا چارٹرڈ جہاز ’ایم ٹی پالکی‘ اس وقت سعودی عرب کی بندرگاہ 'راستنورہ' پر موجود ہے۔ تاہم، آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کی بندش اور سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس جہاز کی نقل و حرکت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔ حکام صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں تاکہ تیل کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 10 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل کی یہ آمد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی برقرار رکھنے اور ریفائنریز کی ضروریات پوری کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود پاکستان کے لیے تیل کی سپلائی جاری؛ پی این ایس سی کے دو جہاز فجیرہ سے روانہ
07:17 PM, 11 Mar, 2026