اقوام متحدہ کا پاک بھارت جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم، خطے میں امن کی امید

10:18 AM, 11 May, 2025

نیوویب ڈیسک

نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیمون یانگ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت جنوبی ایشیا میں کشیدگی میں کمی اور دیرپا امن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اپنے بیان میں فلیمون یانگ نے دونوں ممالک کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی نہ صرف خطے میں استحکام کی علامت ہے بلکہ یہ اس بات کا اشارہ بھی ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں امن و سلامتی کے لیے سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور اپنے تمام باہمی مسائل کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے حل کریں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اس معاہدے پر مثبت ردعمل دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ جنگ بندی خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔ واضح رہے کہ پاک بھارت جنگ بندی معاہدے پر دنیا بھر سے ردعمل آ رہا ہے، اور عالمی برادری اس پیش رفت کو جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ایک نیا موقع قرار دے رہی ہے۔

مزیدخبریں