پاکستان اپنے وعدے پر قائم ہے، سیز فائر کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی ، ترجمان دفتر خارجہ

12:09 PM, 11 May, 2025

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بھارتی سیکریٹری خارجہ کے جنگ بندی خلاف ورزی سے متعلق الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاہدے کی مکمل دیانت داری سے پاسداری کر رہا ہے، اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔

اپنے بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا جو معاہدہ طے پایا ہے، پاکستان اس پر پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد زمینی حقائق کو نظر انداز کرنا ہے۔

شفقت علی خان نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے مختلف علاقوں میں بارہا جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے باوجود پاکستان کی افواج نے غیر معمولی ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر جنگ بندی پر عملدرآمد کے حوالے سے کسی سطح پر کوئی مسئلہ ہو تو اسے براہ راست رابطوں کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، نہ کہ الزام تراشی کے ذریعے۔ ترجمان نے زور دیا کہ دونوں جانب سے میدان میں موجود اہلکاروں کو بھی صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ کشیدگی کم ہو اور امن کو موقع ملے۔

مزیدخبریں