صدرٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بندی میں تعمیری کردار ادا کیا،دفترخارجہ

02:57 PM, 11 May, 2025

اسلام آباد :  پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے ہر سنجیدہ کوشش کا خیرمقدم کرتا ہے، اور کشمیر ایک ایسا مسئلہ ہے جس کے اثرات صرف جنوبی ایشیا نہیں بلکہ دنیا بھر پر پڑ سکتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دینا اقوام عالم کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے امریکی صدر کے بیان کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگ بندی کے لیے کی گئی سفارتی کوششوں، خصوصاً امریکہ سمیت دیگر دوست ممالک کے کردار کو سراہتا ہے۔ یہ اقدامات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کی طرف پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ امن، ترقی، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہشمند ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ "ہزاروں سال" سے چلے آ رہے مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکالا جا سکے۔

مزیدخبریں