’یومِ معرکہ حق‘ کا اعلان: وزیراعظم کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت پر ’تاریخی فتح‘ کو خراجِ تحسین

10:22 PM, 10 May, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مئی 2025 کے دفاعی معرکے میں پاک افواج کی شاندار کامیابی کی مناسبت سے ہر سال 10 مئی کو سرکاری سطح پر ’یومِ معرکہ حق‘ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔پاکستان مونیومنٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر تاریخ رقم کی ہے۔
 وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس جب دشمن نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا تو ہماری افواج اور بالخصوص پاک فضائیہ کے 'شاہینوں' نے آسمان پر اپنی دھاک بٹھا دی اور محض چار گھنٹے میں دشمن کو جنگ بندی کی اپیل پر مجبور کر دیا۔
    شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کو سنہری الفاظ میں سراہا اور انہیں قوم کا فخر قرار دیا۔ انہوں نے ایئر چیف اور نیول چیف کی خدمات کا بھی خصوصی تذکرہ کیا۔ وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن پسندانہ کردار کا شکریہ ادا کیا جس نے خطے کو ایک بڑی تباہی سے بچایا۔ ساتھ ہی انہوں نے ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کی کامیاب ثالثی کو ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔
 وزیراعظم نے چین، سعودی عرب اور ترکیہ کی جانب سے مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے واضح کیا کہ 10 مئی کو ’یومِ معرکہ حق‘ پورے جوش و جذبے سے منایا جائے گا تاکہ ہماری آنے والی نسلیں اپنی افواج کی بہادری اور قربانیوں سے واقف رہ سکیں۔

مزیدخبریں