اسلام آباد: وزیراعظم کی صدر مملکت سے اہم ملاقات، پاک امریکہ اور ایران مذاکرات میں ثالثی کے کردار پر غور

08:10 PM, 11 May, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ایوانِ صدر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس اہم ترین ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں داخلی و خارجی محاذوں پر درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے حوالے سے سب سے اہم ترین خبر یہ سامنے آئی ہے کہ  ملاقات میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے ممکنہ ثالثی کردار پر غور کیا گیا۔ ملک کی داخلی سکیورٹی اور سرحدوں کی صورتحال پر سیکورٹی حکام کی مشاورت کو بھی زیرِ بحث لایا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر مملکت کو حکومت کے حالیہ معاشی اقدامات اور بیرونی دوروں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی استحکام اور قومی مفاد کے امور پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سفارتی اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم کی ایوانِ صدر آمد کو موجودہ ملکی حالات میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے، جہاں حکومت اور ایوانِ صدر کے درمیان اہم قومی معاملات پر ہم آہنگی نظر آئی۔

مزیدخبریں