وائٹ ہاؤس کی ایلون مسک کو ٹرمپ کے دورہ چین میں شرکت کی دعوت

09:26 PM, 11 May, 2026

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک اور ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آئندہ ہفتے ہونے والے چین کے دورے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایک وائٹ ہاؤس عہدیدار نے بتایا ہے کہ اس وفد میں متعدد بڑی امریکی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔ ان میں گولڈمین ساکس کے ڈیوڈ سولومن، بلیک اسٹون کے اسٹیفن شوارزمین، بلیک راک کے لیری فنک، سٹی گروپ کی جین فریزر اور میٹا پلیٹ فارمز کی ڈینا پاول میک کارمک شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک درجن سے زائد نمایاں کاروباری شخصیات پر مشتمل یہ وفد صدر ٹرمپ کے ہمراہ چین روانہ ہوگا، جہاں توقع کی جا رہی ہے کہ بیجنگ کے ساتھ مختلف تجارتی معاہدوں اور خریداری کے ممکنہ سمجھوتوں پر بات چیت ہوگی۔

تاہم متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ 13 سے 15 مئی کے دوران چین کا دورہ کریں گے، جسے امریکہ اور چین کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باوجود سفارتی روابط بہتر بنانے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
 
 
 
 

مزیدخبریں