راولپنڈی: ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل، ریڈ زون اور حساس مقامات کے اطراف ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے اڈیالہ جیل اور دیگر حساس تنصیبات کے قریب جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور عوامی اجتماع منع قرار دے دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو اسلحہ، ڈنڈے، پتھر، پٹرول بم یا دھماکا خیز مواد ساتھ لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق پولیس کی جانب سے قائم رکاوٹیں ہٹانے، سڑکیں بلاک کرنے یا ٹریفک کی روانی متاثر کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔
ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ 5 مئی سے 19 مئی 2026 تک برقرار رہے گا، جبکہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے یہ اقدامات ضروری قرار دیے گئے ہیں۔