12 سے 18 سال کے بچوں کو کورونا ویکسئن لگانے کی منظوری دے دی گئی

12 سے 18 سال کے بچوں کو کورونا ویکسئن لگانے کی منظوری دے دی گئی

اسلام آباد : این سی اوسی نے  12 سے 18 سال کے بچوں کو سائنو فارم اور سائنو ویک لگانے کی  منظوری دے دی ہے ۔ ان بچوں کو 15 نومبر سے ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جائے گاجبکہ اجلاس میں ایک دن میں 17 لاکھ افراد کو ویکسئن لگانے پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اپنے پہلے سیشن میں ملک بھر میں ویکسین لگانے کی جاری مہم کا جائزہ لیا ہے ۔ فورم نے ایک روز میں 17 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کی تعریف کی جو کہ اب تک ایک روز میں ویکسین لگانے کا ریکارڈ ہے۔ فورم نے ملک کی اہل نصف آبادی کو کم از کم ویکسین کی ایک خوراک دینے کا عمل مکمل ہونے پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا اپنی اہل نصف آبادی کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگانے والا پہلا صوبہ بن گیا۔ شرکاء نے گھر گھر جا کر ویکسین لگانے کی مہم کی بھی تعریف کی۔ شرکاء نے ویکسین لگانے کی مہم میں تیزی لانے پر ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

فورم کو بتایا گیا کہ صحت ماہرین نے 12 سے 18 سال کے بچوں کو سائنو فارم اور سائنو ویکس ویکسین لگانے کی منظوری دیدی، ان بچوں کو 15 نومبر سے ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ شرکاء نے زمینی سرحدوں کے آر پار نقل و حرکت کرنے والے افراد کو ویکسین لگانے کے طریقہ کار کا جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پرفورم نے دوسری ڈوز لگانے کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا دوسری ڈوز لگانے سے شہریوں میں مدافعتی نظام مزید مضبوط ہوگا ۔