نواز شریف اسے آرمی چیف بنانا چاہتا ہے جس سے اسے فائدہ ملے: عمران خان

نواز شریف اسے آرمی چیف بنانا چاہتا ہے جس سے اسے فائدہ ملے: عمران خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اسے آرمی چیف بنانا چاہتا ہے جس سے اسے فائدہ ملے اور اس کی چوری بچے حالانکہ جو میرٹ پر آئے اسے آرمی چیف بننا چاہئے، انہوں نے سوچا تھا کہ میں گولیاں لگنے سے ڈر جاؤں گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا آزادی مارچ گجرات پہنچنے پر لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 30 سال سے چوری کرنے والا نواز شریف اب آرمی چیف کی سلیکشن کا فیصلہ کرنے جارہا ہے، ملک کی قسمت کا ہر بڑا فیصلہ وہ کریمنل کرے گا جو گزشتہ 30 برس سے ملک سے باہر پیسہ لے جارہا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ غیرممالک میں کوئی کریمنل ایسا بڑا فیصلہ نہیں کر سکتا، کبھی نہیں سنا ہو گا کہ برطانیہ میں کسی کریمنل نے این آر او لے لیا ہو، نواز شریف مشرف سے معاہدہ کر کے باہر گیا اور موجودہ وزیراعظم لندن میں اس شخص سے ملتا ہے جو جھوٹ بول کر باہر گیا، نواز شریف کو جے آئی ٹی سے سزا ملی، جے آئی ٹی سے سزا یافتہ اب ملک کے فیصلے کرے گا؟ 
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسی طرح شہباز شریف کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے سزا ملنے والی تھی مگر اسے وزیراعظم بنادیا گیا اور شہباز شریف کیخلاف مقدمات سارے گواہ دو ماہ کے اندر مرگئے، ہمارے دور میں انہوں نے این آر او کیلئے تین لانگ مارچ کئے اور ان کا مقصد اقتدار میں آ کر صرف کرپشن کے مقدمات ختم کرنا تھا۔ 
عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اقتدار میں آتے ہی 1100 ارب روپے کے مقدمات معاف کرا کے ملک پر تباہی پھیر دی، یہاں طاقتور کو جیل میں نہیں ڈالا جاتا بلکہ اس کے ساتھ ڈیل کی جاتی ہے، ملک کا سابق وزیراعظم ایک ایف آئی آر درج نہیں کراسکتا کیونکہ طاقتور سامنے کھڑا ہے، انہوں نے سوچا کہ میں گولیاں لگنے سے ڈر جاؤں گا، اعظم سواتی بزرگ آدمی ہے، ویڈیوز سے ڈر جائے گا۔ 
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) لانے کیلئے دو سال تک کوششیں کرتا رہا کیونکہ ای وی ایم کی آمد سے الیکشن میں دھاندلی ختم ہو جاتی، انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ساتھ مل کر ای وی ایم آنے ہی نہیں دی، موجودہ چیف الیکشن کمشنر ان کے گھر کا نوکر ہے۔ 
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کبھی زندگی میں میرٹ پر کوئی کام نہیں کیا، جو میرٹ پر آئے اسے آرمی چیف بننا چاہیے لیکن نواز شریف اسے آرمی چیف بنانا چاہتا ہے جس سے اس کی چوری بچے، نواز شریف ہمیشہ اس آدمی کو اوپر لاتا ہے جس سے اسے فائدہ ملے، یہ لوگ چوری کا پیسہ بچانے کیلئے اداروں کو کنٹرول کرتے ہیں، نیب پر بھی انہوں نے اپنا آدمی بٹھایا ہے۔ 
سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف بھکاریوں کی طرح پوری دنیا سے بھیک مانگ کر پھرتے ہیں، شہباز شریف اوررانا ثناءاللہ نے ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کو قتل کروایا، پاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں اور یہاں طاقتور جو چاہے کرتا ہے جبکہ خریب کو جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، ہم ایک ایف آئی آر نہیں کٹوا سکے، یہاں انصاف ہی نہیں ہے اور انصاف نہ ہونے کی وجہ سے لوگ باہر بھاگ جاتے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں