عمران خان کی جان کو خطرہ، زمان پارک میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

عمران خان کی جان کو خطرہ، زمان پارک میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ کی سیکیورٹی کیلئے خیبر پختونخوا سے 15 سے زائد پولیس کمانڈوز زمان پارک پہنچ گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پولیس کمانڈوز مان پارک میں عمران خان کی سیکیورٹی پرمامورہوں گے اور کلوز سرکل میں کے پی پولیس کے کمانڈوز کو تعینات کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان زخمی ہیں اور ان دنوں لاہور میں زمان پارک کے گھر میں مقیم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیشل برانچ کے سیکیورٹی الرٹ کے معاملے کے پیش نظر عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ پر مزید سیکیورٹی اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ 
ان کے گھر کی دیوار کے ساتھ سیکیورٹی کے پیش نظر ریت کے تھیلوں کی دیوار قائم کر دی گئی ہے اور سیمنٹ کے بلاکس رکھ کر بھی حفاظتی دیوار بنائی گئی ہے۔ 


اس کے علاوہ زمان پارک کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ریت کے تھیلوں کی چیک پوسٹ قائم کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور مزید سیکیورٹی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ 
زمان پارک آنے جانے والوں کا ریکارڈ رکھنے کیلئے خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے اور پارٹی کی خواتین رہنماؤں کی آمد کے پیش نظر چیکنگ کیلئے خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں