بینکاک: تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کے ساتھ امریکی حمایت سے طے پانے والا امن معاہدہ معطل کر دیا ہے، جس کی وجہ سرحد پر ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے میں دو تھائی فوجیوں کے زخمی ہونے کا واقعہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتین چرنیوراکل نے کہا کہ امن معاہدہ اس وقت تک معطل رہے گا جب تک کمبوڈیا تھائی لینڈ کے مطالبات تسلیم نہیں کرتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تھائی فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد اس معاہدے کی پابندی پر نظرثانی کی جائے گی۔
کمبوڈیا کی حکومت نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی امن معاہدے کی تعمیل چاہتے ہیں اور اس پر قائم رہنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت دونوں فریقین نے سرحد پر امن و استحکام کی کوششوں کو مزید تقویت دینے کا عہد کیا تھا۔