کشمیر کے لوگوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہے: سردار مسعود خان

کشمیر کے لوگوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہے: سردار مسعود خان

مظفر آباد: سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہے۔

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے عوام اور بیرون ملک پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کی تحریک آزادی کو ایک عالمی مہم میں تبدیل کرنے کیلئے عملی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے ایک وفد سے مظفر آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے اپنے خون سے تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ اب یہ آزاد جموں و کشمیر سمیت پورے پاکستان کے عوام اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی آواز کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچائیں۔

گزشتہ دنوں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق آزاد سے ملاقات کے موقع پر صدر آزاد کشمیر نے کہا تھا کہ بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں 80 لاکھ افراد کو ان کے معاشی حقوق سے محروم رکھنے کا مقصد ان کو بھوک اور افلاس سے ہلاک کرنا ہے۔ نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت کشمیریوں کو ترقیاتی اور تجارتی منصوبوں سے محروم کررہی ہے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت نہ دینے کے مذموم عزائم کے تحت منصوبوں کے ٹھیکے ہندوئوں کو دے رہی ہے۔ سردار مسعود خان نے بھارتی حکومت کے شر انگیز عزائم کے خلاف بین الاقوامی مزاحمتی تحریک کا مشورہ دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی حمایت میں یکجا ہے۔ بھارتی غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات خصوصاً گزشتہ سال کے اقدامات نے بھارت کا حقیقی چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ اس مکروہ چہرے اور غلط بیانیے کو تمام قومی اور بین الاقوامی فورمز پر مزید بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔