ٹی 20 ورلڈکپ میں پہلی بار ڈی آر ایس ٹیکنالوجی اور پانی کا وقفہ متعارف کرانے کا اعلان

ٹی 20 ورلڈکپ میں پہلی بار ڈی آر ایس ٹیکنالوجی اور پانی کا وقفہ متعارف کرانے کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی ) نے ٹی 20ورلڈ کپ کے دوران پہلی مرتبہ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے، پانی کا وقفہ کرانے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ اس کیساتھ ہی ڈک ورتھ لوئس میتھڈ (ڈی ایل ایس) قوانین میں بھی معمولی تبدیلی کر دی ہے۔ 
آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ میں آئی سی سی نے پلیئنگ کنڈیشنز کو تبدیل کرتے ہوئے شق 11میں پانی کے وقفے کی اجازت دیدی ہے، یہ وقفہ ہر اننگز میں 10 اوورز کے اختتام پر ہو گا جس کا دورانیہ 2 منٹ 30 سیکنڈز رہے گا تاہم کسی بھی صورتحال کے باعث اننگز 14 اوورز سے کم تک محدود ہونے کی صورت میں پانی کا وقفہ نہیں ہو گا۔ 


عالمی کرکٹ کونسل کے مطابق پانی کے اس وقفے کے دوران سٹریٹجک ٹائم آؤٹ کی طرح پانی کے وقفے کے دوران بھی ہیڈ کوچز کو کھلاڑیوں کیساتھ بات چیت کرنے کی اجازت ہو گی۔ اس کے علاوہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی بار ڈی آر ایس ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جائے گا اور ہر ٹیم کے پاس 2,2 ریویو چانسز ہوں گے۔ 
آئی سی سی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں 17 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں بارش سے متاثرہ میچز کیلئے بھی قوانین میں تبدیلی کی ہے جس کے مطابق عام میچ بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں دوسری اننگز میں کم از کم 5 اوورز کا کھیل لازمی ہو گا تاہم سیمی فائنل اور فائنل میں دوسری اننگز میں کم از کم 10اوورز کا کھیل لازمی قرار دیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق کسی بھی ٹیم کے درمیان میچ برابر ہونے کی صورت میں فیصلہ سپر اوور پر ہو گا اور سپر اوور بھی برابر ہو جانے کی صورت میں سپر اوور ہی کرایا جائے گا اور فاتح کا فیصلہ ہونے تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

سیمی فائنل مکمل نہ ہونے کی صورت میں سپر اوور میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گی اور فائنل میچ مکمل نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیدیا جائے گا۔