اسلام آباد:پاکستان حکومت نے افغان مہاجرین کی باعزت اور محفوظ وطن واپسی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ہم آہنگی کے ساتھ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ ان کی سہولت اور عزت کا خاص خیال رکھا جا سکے۔
سرحدی علاقوں میں فرنٹیئر کور (ایف سی) اور سول انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے واپسی کا عمل نہایت منظم انداز میں جاری ہے۔ اس کے تحت مہاجرین کو بغیر کسی دباؤ کے اپنی مرضی سے وطن واپس جانے کا مکمل حق دیا جا رہا ہے۔
45 سال سے زائد عرصہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین نے وطن واپسی کے دوران اپنی خوشی اور جذبات کا خوبصورت اظہار کیا ہے۔ کئی مہاجرین نے حکومت پاکستان اور ایف سی کے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خوراک اور سامان کی ترسیل میں بھی حکومت کی جانب سے بھرپور مدد فراہم کی گئی۔
ایک افغان مہاجر نے کہا، "ہم کسی دباؤ کے بغیر اپنی مرضی سے وطن واپس جا رہے ہیں اور حکومت پاکستان اور ایف سی کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔"
پاکستان کی یہ کوشش عالمی برادری کے لیے ایک مثال بن گئی ہے، جہاں افغان مہاجرین کی بحفاظت، باوقار اور باعزت وطن واپسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔