"تحریکِ انتشار" اب اندرونی خلفشار کا شکار ہو چکی ،بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت نے ہر فورم پر دہشتگردوں کی حمایت کی: عطا تارڑ

01:40 PM, 11 Oct, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان نے فیصلہ کرلیا ہے کہ دہشتگردوں کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر خیبرپختونخوا میں قیامِ امن کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، اور ان کی پشت پناہی بلیک اکانومی سے ہو رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ دہشتگردوں اور تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان گٹھ جوڑ ہے، جس کا فائدہ دہشتگرد عناصر کو ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت نے ہر فورم پر دہشتگردوں کی حمایت کی، اور آج بھی جیل میں بیٹھا شخص دہشتگردوں کو سپورٹ کر رہا ہے۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا نعرہ "خان نہیں تو پاکستان نہیں" شخصی پوجا کے مترادف ہے، اور یہی سوچ ملک میں انتشار پھیلانے کا سبب بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "تحریکِ انتشار" اب اندرونی خلفشار کا شکار ہو چکی ہے اور اس کے کئی گروپ بن چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ریاست کسی بھی جماعت کو دہشتگردوں کی حمایت کی اجازت نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی تاکہ دہشتگردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنایا جا سکے، مگر ان کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا۔

عطاء تارڑ نے الزام لگایا کہ کالعدم ٹی ٹی پی دراصل پی ٹی آئی کا "عسکری ونگ" بنتی جا رہی ہے، اور ریاست اس بات کا سختی سے نوٹس لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں غیر قانونی کاروبار اور اسمگلنگ کو فروغ حاصل ہو رہا ہے، جس سے دہشتگردوں کو مالی معاونت ملتی ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ قوم فیصلہ کرے: "آپ دہشتگردوں کے ساتھ ہیں یا ریاست کے ساتھ؟"

مزیدخبریں