اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسلام آباد میں جاری احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے مظاہرین کو مشورہ دیا ہے کہ "جنگ ختم ہو چکی ہے، گھر جائیں"۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ کے عوام دو سال تک ظلم و بربریت کا سامنا کرتے رہے، اور اس دوران دنیا بھر میں فلسطین کے حق میں مظاہرے ہوتے رہے جن میں بڑی تعداد غیر مسلم ممالک کے شہریوں کی تھی، لیکن پاکستان میں بعض افراد کو شاید اس تمام صورتحال کی خبر ہی نہیں تھی۔
خواجہ آصف نے اپنے بیان میں لکھا کہ "اب جب غزہ میں جنگ بندی ہو چکی ہے اور معاہدہ طے پا چکا ہے، تو کچھ لوگ اسلام آباد میں فلسطینیوں سے محبت کے دعوے کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔ انہیں بتایا جائے کہ لڑائی ختم ہو چکی ہے، آپ کس بات کا احتجاج کر رہے ہیں؟ فلسطینی اب مٹھائی کھا رہے ہیں اور ہم یہاں احتجاج کر رہے ہیں۔"
دوسری جانب، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں احتجاج کے باعث متعدد راستے بدستور بند ہیں، جب کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر انٹرنیٹ، موبائل فون سروس، اور میٹرو بس سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
لاہور میں بھی اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس متاثر ہوئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔