شریف فیملی کے خلاف نیب کے ریفرنسز میں غلطیوں کا انکشاف

شریف فیملی کے خلاف نیب کے ریفرنسز میں غلطیوں کا انکشاف

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ اپارٹمنٹ اور عزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ریفرنس میں کچھ صفحات کے نمبر غلط ہیں جب کہ بعض صفحات پر نمبر ہی درج نہیں ہیں۔ اس کےعلاوہ کچھ ریفرنسز میں کچھ دستاویزات اضافی اور کچھ ضروری دستاویزات نہیں لگائی گئی ہیں۔

دوسری جانب نیب نے شریف خاندان کے خلاف اضافی دستاویزات اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں جمع کرا دی ہیں۔ نیب کی جانب سے اضافی ریکارڈ 8 باکسز میں احتساب عدالت لایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے گزشتہ دنوں ریفرنس میں وہ کاپیاں نہیں لگائی تھیں جو ملزمان کو دینی ہیں تاہم آج ان کاپیوں کے ساتھ دیگر اضافی دستاویزات بھی لگائی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز کی تفصیلی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے جو 14 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا اور ریفرنسز میں تکنیکی معاملات کو دور کر کے ہی اسے عدالت بھیجا جائے گا۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے گزشتہ روز نیب کے ریفرنسز نامکمل قرار دیتے ہوئے نیب کو ضروری دستاویزات لگانے کا حکم دیا تھا جبکہ نیب ترجمان نے تمام ریفرنس منظور ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں