سیالکوٹ :سیلابی صورتحال اور موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ نے طلبہ کی حفاظت کو مدِنظر رکھتے ہوئے 26 سرکاری تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسکول 11 اور 12 ستمبر کو بند رہیں گے، تاہم اساتذہ اور تدریسی عملے کو معمول کے مطابق حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی ہدایت پر جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، بند کیے جانے والے اسکولوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:
ڈسکہ: 4 اسکول
سیالکوٹ سٹی: 6 اسکول
پسرور: 6 اسکول
سمبڑیال: 8 اسکول
انتظامیہ کے مطابق، حالیہ بارشوں سے کئی تعلیمی ادارے متاثر ہوئے ہیں، جن کی عمارتوں اور رسائی کے راستوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ان حالات میں طلبہ کی آمد و رفت خطرناک ہو سکتی ہے، اسی لیے اسکولوں کی بندش کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ فیصلہ طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کی نگرانی جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے، تعلیمی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔