راولپنڈی : خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے تین مختلف آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 19 خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں مہمند، شمالی وزیرستان اور بنوں میں کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مہمند میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 14 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دوسری کارروائی میں 4 خوارج مارے گئے جبکہ بنوں میں ایک اور خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
یہ خوارج متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں باقی خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔