اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاع دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کشمیر اور قریبی پہاڑی علاقوں میں بعد از دوپہر مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور کچھ جگہوں پر بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور پوٹھوہار کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، جامشورو اور دادو میں بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں بھی بارش کی توقع ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جن میں کراچی کے ڈی ایچ اے (فیز 2) میں 33 ملی میٹر سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ ماڑہ میں 30، پسنی میں 11، لسبیلہ میں 10 اور گوادر میں 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔