یمن میں اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 35 ہوگئی، 130سے زائد زخمی

02:26 PM, 11 Sep, 2025

صنعاء :یمن کے دارالحکومت صنعا اور الجوف گورنریٹ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 35 افراد شہید اور 130 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسرائیل نے ان حملوں میں حوثی حکومت سے تعلق رکھنے والے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، تاہم فضائی حملے رہائشی علاقوں اور ایک طبی مرکز پر بھی ہوئے، جس سے عام شہریوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

یہ حملے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر کیے گئے حملے کے ایک دن بعد انجام دیے گئے ہیں۔ یمن کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے شہری علاقوں کو نشانہ بنا کر انسانی جانوں کا معاملہ سنگین کر دیا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ماہ بھی اسرائیل نے یمن میں ایک فضائی حملہ کیا تھا جس میں یمنی وزیر اعظم احمد الرحوی شہید ہو گئے تھے۔

حوثی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسرائیل ان کی غزہ کی حمایت ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے، لیکن وہ غزہ پر اسرائیل کی جاری جنگ ختم ہونے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران فلسطین، لبنان، شام، تیونس، قطر اور یمن سمیت چھ مختلف ممالک میں حملے کیے ہیں، جو خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں۔

مزیدخبریں