دبئی : دبئی میں انٹرنیشنل ٹی20 لیگ (آئی ایل ٹی20) کے پانچویں سیزن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سابق عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولرز شعیب اختر اور بریٹ لی سمیت کرکٹ کی دنیا سے وابستہ کئی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کے دوران لیگ کی گزشتہ چند برسوں میں ہونے والی پیش رفت اور خطے میں کرکٹ کے بڑھتے ہوئے اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ آئی ایل ٹی20 کے چیئرمین خالد الزرونی، لیگ کمشنر، آئی سی سی ڈائریکٹر ایسوسی ایٹس اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکریٹری مبشر عثمانی نے لیگ کی ترقی اور مستقبل کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آئی ایل ٹی20 نے متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی خطے میں کرکٹ کو نئی وسعت دینے اور کھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تقریب میں نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر سائمن ڈول کی میزبانی میں ایک خصوصی پینل نشست بھی ہوئی، جس میں کھیل، کاروبار اور حکومتی شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پینل میں عالمی سطح پر کرکٹ میں آنے والی تبدیلیوں، خطے میں کھیل کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور مستقبل کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں سائمن ڈول نے شعیب اختر اور بریٹ لی کے ساتھ خصوصی گفتگو کی، جہاں دونوں سابق فاسٹ بولرز نے متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک میں کرکٹ کی ترقی میں آئی ایل ٹی20 کے کردار پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر شعیب اختر اور بریٹ لی نے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کی یادیں بھی تازہ کیں اور اپنے کھیل کے دنوں سے جڑے دلچسپ واقعات حاضرین کے ساتھ شیئر کیے، جب دونوں اپنی تیز رفتار گیند بازی کے باعث دنیا بھر میں اپنی الگ پہچان رکھتے تھے۔