اسلام آباد(جاوید نور )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں بجلی کے لوڈ مینجمنٹ سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں انہیں بجلی کی طلب و رسد اور لوڈ مینجمنٹ کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ خطے کی حالیہ صورتحال، آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی اور طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے کی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے تاکہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہو۔
وزیراعظم نے بجلی کی ترسیل اور دیگر مسائل سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ڈسکوز کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی یقینی بنائی جائے اور انہیں ایک ہفتے کے اندر فعال کیا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی صارفین ہیلپ لائن 118 کے ذریعے اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ضلع راجن پور کے چھ بجلی صارفین کے علاوہ ملک بھر میں کسی صارف کی بجلی مون سون بارشوں کے باعث متاثر نہیں ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم کا ملک میں طویل لوڈ شیڈنگ کا نوٹس، کسی علاقے میں دو گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت
06:55 PM, 11 Sep, 2026