جکارتہ: انڈونیشیا میں زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شہریوں میں خوف کی لہر دوڑا دی، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.2 ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی خبرایجنسی کے مطابق زلزلہ زمین کے اندر 143 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، جس کے جھٹکے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلہ محسوس ہوتے ہی خوفزدہ شہری اپنے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
حکام نے زلزلے کے بعد مختلف علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز کافی گہرائی میں ہونے کے باعث وسیع پیمانے پر تباہی کا خطرہ کم ہے۔
متعلقہ ادارے ممکنہ نقصانات اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انڈونیشیا زلزلوں کے حوالے سے حساس خطہ سمجھا جاتا ہے جہاں ماضی میں بڑے زلزلوں کے ساتھ سونامی بھی تباہی مچا چکے ہیں۔ حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ممکنہ بعد از زلزلہ جھٹکوں کی صورت میں محتاط رہیں۔