طاہر اشرفی کو ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ 2026 سے نواز دیا گیا

08:56 PM, 11 Sep, 2026

لندن: پاکستان علما کونسل کے چیئرمین اور قومی پیغام امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو امن، مفاہمت اور بین المذاہب تعاون کے لیے طویل خدمات کے اعتراف میں ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن 2026 سے نواز دیا گیا۔

ایوارڈ کی تقریب جمعہ کو لندن کے تاریخی لیمبتھ پیلس کے گریٹ ہال میں منعقد ہوئی، جہاں آرچ بشپ آف کینٹربری سارہ مُلالی نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو یہ اعزاز پیش کیا۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو یہ ایوارڈ امن، مفاہمت، اعتدال، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، اقلیتوں کے حقوق، پُرامن بقائے باہمی اور انتہاپسندی، دہشت گردی و فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف ان کی مسلسل اور دہائیوں پر محیط خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ لیمبتھ ایوارڈز کی اہم کیٹیگریز میں شامل ہے، جو آرچ بشپ آف کینٹربری کی جانب سے مفاہمت اور بین المذاہب تعاون کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

آرچ بشپ آف کینٹربری کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق حافظ محمد طاہر محمود اشرفی رواں سال لیمبتھ ایوارڈز کی مختلف کیٹیگریز میں نمایاں خدمات کے اعتراف کے لیے منتخب ہونے والی اہم شخصیات میں شامل ہیں۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کئی دہائیوں سے مذہبی و مسلکی برادریوں کے درمیان مکالمے اور باہمی احترام کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، پُرامن بقائے باہمی اور انتہاپسندی و فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف کوششوں میں کردار ادا کیا ہے۔ 

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اس سے قبل آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن  گلوبل پیس ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ دونوں اعزازات الگ الگ بین الاقوامی ایوارڈز ہیں اور امن، ہم آہنگی اور تعاون کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف کی عکاسی کرتے ہیں۔وہ مسلم ورلڈ لیگ کی سپریم کونسل کے رکن، انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل اور انٹرنیشنل مسلم فورم کے رکن بھی ہیں، جبکہ متعدد بین الاقوامی اسلامی اور بین المذاہب تنظیموں کے ساتھ بھی وابستہ ہیں۔

مزیدخبریں