"سفارت کاری کا راستہ بند نہیں ہوا"، ایران کا اسلام آباد مذاکرات پر اہم ردِعمل، پاکستان کے کردار کی تعریف

11:26 AM, 12 Apr, 2026

تہران :ایرانی دفترِ خارجہ نے امریکہ کے ساتھ اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ حتمی معاہدہ طے نہیں پا سکا، لیکن بات چیت کا عمل ختم نہیں ہوا۔ ترجمان دفترِ خارجہ اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ تہران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
 اسماعیل بقائی کے مطابق، 24 گھنٹے جاری رہنے والے جامع مذاکرات میں فریقین متعدد نکات پر اتفاقِ رائے پر پہنچ گئے تھے۔ ترجمان نے انکشاف کیا کہ صرف دو اہم امور پر رائے مختلف ہونے کی وجہ سے تحریری معاہدہ ممکن نہ ہو سکا، جبکہ کچھ نئے اور پیچیدہ موضوعات بھی ایجنڈے کا حصہ بنے۔مذاکرات کے دوران درج ذیل حساس معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی,        آبنائے ہرمز کی سکیورٹی۔        جوہری معاملات اور تکنیکی تحفظات۔        جنگی نقصانات کا ازالہ اور تلافی۔        ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ۔        خطے میں جنگ کا مکمل خاتمہ۔
ترجمان اسماعیل بقائی نے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہم پاکستان کی شاندار میزبانی اور بات چیت کو منطقی انجام تک پہنچانے کی کوششوں پر بیحد شکر گزار ہیں۔ پاکستان اور خطے کے دیگر دوست ممالک کے ساتھ مستقبل میں بھی مشاورت جاری رہے گی۔

مزیدخبریں