مخلصانہ کوشش، عالمی پذیرائی: پاکستان کا ثالثی کردار خطے میں پائیدار امن کی بنیاد بن گیا

05:13 PM, 12 Apr, 2026

اسلام آباد: پاکستان نے عالمی سفارتی محاذ پر ایک بڑی اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو  فریقین کے درمیان دہائیوں سے جاری تنازع میں نہ صرف جنگ بندی ممکن بنا دی ہے بلکہ انہیں مذاکرات کی میز پر لانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کی قیادت میں پاکستان نے انتہائی پیشہ ورانہ اور مخلصانہ کوششیں کیں۔ یہ سفارتی مشن 31 گھنٹے تک مسلسل جاری رہا، جس میں متعدد نشستیں اور طویل دورانیے کے مذاکرات شامل تھے۔ ان کوششوں کے نتیجے میں دونوں فریقین، جو برسوں سے ایک دوسرے سے بات کرنے کو تیار نہ تھے، آمنے سامنے بیٹھنے پر راضی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے اس ثالثی کردار کو دونوں فریقین نے باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنے حالیہ بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا اور ثالثی کے دوران دی گئی پیشکش کا تذکرہ کیا۔ عالمی ماہرین اسے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک بڑی "اننگز" قرار دے رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، اگرچہ مذاکرات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے اور کئی مثبت پہلو سامنے آئے ہیں، تاہم یہ ایک طویل اور پیچیدہ تنازع ہے جس میں بیرونی رکاوٹیں اور داخلی دباؤ بدستور موجود ہیں۔ پاکستان نے سفارتی آداب اور رازداری کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مذاکرات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے، کیونکہ پاکستان کا کردار صرف ایک سہولت کار اور ثالث تک محدود تھا۔اس تاریخی نشست کے بعد اب دونوں فریقین ایک دوسرے کے موقف کو بہتر طور پر سمجھ چکے ہیں۔ پاکستان کی ان کوششوں نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کر دی ہے، اور اب گیند فریقین کے کورٹ میں ہے کہ وہ اس بنیاد پر آگے کا راستہ کیسے طے کرتے ہیں۔

مزیدخبریں