اسرائیل آگ سے کھیلنا بند کرے ورنہ عبرتناک سبق سکھائیں گے: صدر طیب اردوان 

06:04 PM, 12 Apr, 2026

انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کو دو ٹوک اور آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لبنان اور ایران پر کوئی بھی حملہ کیا گیا تو اسے ترکیہ پر حملہ تصور کیا جائے گا اور اسرائیل کو اس کی عبرتناک قیمت چکانی پڑے گی۔
صدر اردوان نے اپنے جارحانہ خطاب میں واضح کیا کہ ترکیہ کی فوجی طاقت سے متعلق اسرائیل کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ انہوں نے کہا جس طرح ہم کاراباخ اور لیبیا میں داخل ہوئے، اسرائیل کے ساتھ بھی ویسا ہی سلوک کر سکتے ہیں۔ اگر امن مذاکرات ناکام ہوئے تو اسرائیل پر حملہ کرنا ہمارا قومی فرض بن جائے گا۔
صدر اردوان نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں پاکستان کے کلیدی کردار کا اعتراف کرتے ہوئے ایک بڑا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اس وقت ثالثی کی کوششیں نہ کر رہا ہوتا تو ترکیہ کب کا اسرائیل کے خلاف عملی قدم اٹھا چکا ہوتا۔
    انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی امن پسندانہ کوششیں ہی ترکیہ کو اب تک روکے ہوئے ہیں، تاہم اسرائیل کو امن کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا بند کرنی ہوں گی۔
اسرائیلی وزیراعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ بنجمن نیتن یاہو خون اور نفرت میں اندھے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ترکیہ نیتن یاہو کو عالمی عدالتوں میں کھینچے گا اور ان کے خلاف جنگی جرائم کے سنگین مقدمات درج کرائے جائیں گے۔
ترک صدر نے خبردار کیا کہ اسرائیل آگ سے کھیلنا بند کرے، بصورتِ دیگر خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کے نتیجے میں اسے ایسا سبق سکھایا جائے گا جو تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔

مزیدخبریں