اسلام آباد: ایران کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان کا دو روزہ اہم سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد سے تہران کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔ ہوائی اڈے پر دفترِ خارجہ کے حکام اور ایرانی سفارت خانے کے اعلیٰ عہدیداروں نے وفد کو الوداع کیا۔
اپنے قیام کے دوران وفد نے اہم سیاسی و عسکری قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران مختلف امور پر اتفاق کیا گیا۔
روانگی سے قبل ایرانی وفد کے سربراہ نے پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات محض جغرافیائی نہیں بلکہ تاریخی اور برادرانہ ہیں۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مستحکم کرے گا۔
سفارتی ماہرین اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے میں معاشی استحکام کے تناظر میں یہ ملاقاتیں دور رس نتائج کی حامل ثابت ہوں گی۔
اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد کا دورہ پاکستان مکمل، وطن واپسی کے لیے روانہ
06:27 PM, 12 Apr, 2026