اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کی مکمل معلومات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح قرار دے دی ہے۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ہمت، عزم اور بہادری کی مثال ہے اور ملکی معاشی ترقی میں ان کا کردار بہت اہم ہے۔ شہباز شریف نے بتایا کہ اس سال نوجوانوں کا دن ملکی ترقیاتی اہداف کے تناظر میں خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ نوجوان نہ صرف عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ مقامی سطح پر بھی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی تعلیم، ہنر اور پیشہ ورانہ قابلیت بڑھانے کے لیے مختلف پالیسیاں بنا رہی ہے۔ ان میں قومی مصنوعی ذہانت پالیسی 2025 شامل ہے، جو نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال میں مدد دے گی۔ اس کے علاوہ قومی یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہباز شریف نے مزید بتایا کہ نوجوانوں کی کاروباری اور زرعی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے آسان قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں اور ‘اڑان پاکستان’ پروگرام کے تحت کمیونٹی سطح پر نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارمز مہیا کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر سکیں۔