لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہونہار سکالرشپ پروگرام نوجوان طلبہ کے لیے خوابوں کی تعبیر ثابت ہو رہا ہے۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ ہر نوجوان قوم کا مستقبل ہے اور ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہے۔ پنجاب اور پورے پاکستان کے نوجوان ملک کا روشن مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں، جن کے لیے حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کو تیار ہے تاکہ ان کے خواب حقیقت بن سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ سی ایم پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ہزاروں نوجوان جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ساتھ ہی کھیلتا پنجاب پروگرام نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں اور کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع دے رہا ہے۔ ای-بائیکس سکیم کے ذریعے بھی ہزاروں طلبہ کو آسان اور باعزت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ایڈوانس مارکیٹ بیسڈ آئی ٹی تربیت نوجوانوں کو صرف نوکریاں حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ خود روزگار پیدا کرنے کے قابل بنا رہی ہے۔ مریم نواز کلینکس میں ینگ میڈیکل گریجویٹس عوامی خدمت کے عملی نمونہ بنے ہوئے ہیں، جبکہ آسان کاروبار کارڈ اور فنانس سکیم نوجوانوں کو مالی خودمختاری کی جانب لے جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرن شپ پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کو سرکاری اداروں میں عملی تجربہ اور مہارتیں دی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے نوجوانوں پر ہمارا اعتماد ہمیشہ قائم رہے گا اور ان کی کامیابی سے بڑی خوشی کچھ نہیں ہو سکتی۔