لاہور : ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور ہر طرف خوشی کی فضاء قائم ہے۔ معرکہ حق میں شاندار فتح نے اس جشن کو خاص معنویت بخشی ہے اور اس جذبے نے ہر شہری کے دل میں نئی روح پھونک دی ہے۔
گھر، عمارتیں، شاہراہیں سبز اور سفید روشنیوں سے جگمگا اُٹھیں، بازاروں میں جھنڈیوں، بیجز اور دیگر آرائشی سامان کی خریداری میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں کا جوش و خروش دیکھنے کے قابل ہے، ہر کوئی آزادی کے جذبے کو دل سے محسوس کر رہا ہے۔
سکھر میں بینظیر بھٹو فلائی اوور بھی جشن کی رونق میں شامل ہو گیا اور خوبصورت روشنیوں سے روشن ہو گیا۔ سجاوٹ نے نہ صرف شہر کو خوبصورتی بخشی بلکہ شہریوں کے دل بھی موہ لیے۔
کراچی میں گورنر ہاؤس میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں میوزک کے تڑکے نے ماحول کو مزید جاندار بنا دیا۔ معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنی دلکش آواز میں قومی ترانے اور دیگر گیت پیش کیے، جس پر گورنر سندھ بھی جھوم اٹھے اور تقریب کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
یہ جشن نہ صرف ملک کی آزادی کی یاد دلاتا ہے بلکہ اتحاد اور یکجہتی کا پیغام بھی دیتا ہے، جس نے ہر دل کو جذبۂ حب الوطنی سے بھر دیا ہے۔