نئی دہلی : بھارت کی اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی نے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارتی حکومت کی خاموشی پر سخت تنقید کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں پریانکا گاندھی نے کہا کہ اسرائیل اب تک 60 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو قتل کرچکا ہے جن میں 18 ہزار 430 بچے شامل ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ پابندیوں اور بمباری کی وجہ سے غزہ میں خوراک اور طبی سہولیات کی شدید قلت ہے، جس کے نتیجے میں بچے اور دیگر معصوم شہری موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔
پریانکا گاندھی نے کہا "یہ شرمناک ہے کہ اسرائیل غزہ پر تباہی مسلط کر رہا ہے اور بھارتی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اسرائیل کے ان جرائم پر خاموشی اختیار کرنا اور کارروائی نہ کرنا بذاتِ خود ایک جرم ہے۔"
انہوں نے الجزیرہ کے ان پانچ صحافیوں کے بہیمانہ قتل کی بھی مذمت کی جو اسرائیلی بمباری میں جاں بحق ہوئے۔ پریانکا گاندھی نے کہا کہ ان بہادر صحافیوں نے ہمیں سکھایا کہ اصل صحافت کیا ہوتی ہے، اور سچ کے لیے آواز اٹھانے والوں کا حوصلہ اسرائیلی مظالم اور نفرت سے کبھی نہیں ٹوٹ سکتا۔
اپوزیشن رہنما کے اس بیان کو انسانی حقوق کے علمبرداروں، صحافتی حلقوں، اور فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جبکہ یہ بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھانے کی ایک سیاسی کوشش بھی سمجھی جا رہی ہے۔