دہشتگرد تنظیمیں عوام کو نشانہ بنا رہی ہیں، اقوام متحدہ سے بھی بی ایل اے اور مجید بریگیڈ پر پابندی لگوائیں گے: بلاول بھٹو

03:46 PM, 12 Aug, 2025

حیدرآباد :  چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں عوام کو نشانہ بنا رہی ہیں، کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ بھارت کی حمایت کر رہی ہیں، ان پر اقوام متحدہ کی سطح پر بھی پابندی عائد ہونی چاہئے۔

حیدرآباد میں خان بہادر حسن علی آفندی پارک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دینا پاکستان کے مؤقف کی عالمی سطح پر تائید ہے، جو ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنظیمیں مزدوروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہیں اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں مودی حکومت کی کھل کر حمایت بھی کر چکی ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بھارت کی آبی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت مسلسل سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستانی عوام کی لائف لائن ہے، اور بھارت کو معاہدے کے تحت پاکستان کو اس کے حصے کا پانی دینا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے تمام پاکستانیوں سے اس مسئلے پر متحد ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ یہ کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا معاملہ ہے، جس پر یکساں آواز اٹھانا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پانی کی کمی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو اپنی زرعی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ "ڈریپ ایریگیشن" اور دیگر جدید زرعی تکنیکس کو اپنا کر پانی کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے۔

این ایف سی ایوارڈ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آئین کے مطابق ہر پانچ سال بعد این ایف سی ایوارڈ دیا جانا چاہئے، لیکن موجودہ حکومت اس میں تاخیر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ناکامی کی سزا صوبوں کو نہیں دی جا سکتی۔ اسلام آباد میں بیٹھے بابو اپنی نااہلی کا بوجھ صوبوں پر نہ ڈالیں۔

بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ حکومت یا کسی بھی سیاسی جماعت نے پیپلز پارٹی سے 27ویں آئینی ترمیم کے سلسلے میں کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں محض افواہیں ہیں۔

مزیدخبریں