پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے ملک کو شکست دی، اپوزیشن کا احتجاج بے جا ہے: عرفان صدیقی

06:17 PM, 12 Aug, 2025

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے ملک کو تاریخی شکست دی ہے اور ہمارے شہداء اور غازیوں کے جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے پاکستان کو جنم دیا اور ملک کا وقار بلند کیا۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ سزا یا جزا عدالتوں کا کام ہے اور اپوزیشن کو اپنے کیے ہوئے کا انجام بھگتنا ہوگا کیونکہ "وہ اپنا بویا ہوا کاٹ رہے ہیں"۔

انہوں نے فریال تالپور کی گرفتاری پر کہا کہ انہیں چاند رات کو اٹھایا گیا جبکہ ڈاکٹرز نے انہیں اسپتال کی ضرورت قرار دیا تھا مگر انہیں جیل لے جایا گیا۔ انہوں نے مریم نواز کے ساتھ بھی ہونے والے سلوک پر تنقید کی۔

سینیٹر نے کہا کہ انہیں بھی جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا گیا اور کہا کہ اگر جرم ثابت نہ ہو تو الزامات لگا دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کے خلاف مقدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسز سپریم کورٹ سے شروع ہو کر وہاں ہی ختم ہوتے تھے۔

عرفان صدیقی نے اپوزیشن کی تقسیم اور بے یقینی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ان کی جماعت میں کئی زبانیں ہیں، جو مختلف مواقع پر مختلف مطالبات کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ واردات بھارت یا امریکہ میں ہوتی تو ملزمان کو سخت سزا دی جا چکی ہوتی لیکن یہاں سزا نہ ہونے کی وجہ سے احتجاج کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو نکالا گیا لیکن کوئی پتھر نہیں پھینکا گیا۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ ملک کے مسائل کا حل بات چیت میں ہے اور حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا تاکہ جمہوریت اور قانون سازی متاثر نہ ہو۔

مزیدخبریں