لزبن :فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ سٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز نے کئی برس کی محبت کے بعد بالآخر شادی کرلی۔ دونوں نے پرتگال کے ساحلی شہر کاسکائس میں ایک نجی تقریب کے دوران زندگی بھر ساتھ رہنے کا عہد کیا، جس میں ان کے قریبی اہل خانہ اور بچے بھی شریک ہوئے۔
رونالڈو نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کے اور جارجینا کے ہاتھ نظر آرہے ہیں جبکہ شادی کی انگوٹھیاں بھی نمایاں ہیں۔ تصویر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے جوڑے کو مبارکباد دینا شروع کردی۔
دونوں کے تعلق کا آغاز 2016 میں ہوا تھا، جب جارجینا ایک معروف فیشن برانڈ کے سٹور میں کام کرتی تھیں۔ بعد ازاں دونوں کو مختلف عوامی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جانے لگا اور ان کی محبت دنیا بھر میں خبروں کی زینت بن گئی۔
رونالڈو اور جارجینا کے پانچ بچے ہیں، جن میں کرسٹیانو جونیئر، جڑواں بچے ایوا ماریا اور میٹیو، بیٹی الانا اور بیٹی بیلا شامل ہیں۔ 2022 میں دونوں کو اپنے جڑواں بیٹے اینجل کی پیدائش کے وقت انتقال کا صدمہ بھی برداشت کرنا پڑا تھا۔
جارجینا نے 2025 میں سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی منگنی کی تصدیق کی تھی، جس کے تقریباً ایک سال بعد دونوں نے اپنی طویل رفاقت کو باقاعدہ ازدواجی رشتے میں بدل دیا۔