لاہور : 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں ٹورنامنٹ سے تقریباً 18 ماہ قبل تبدیلی پر سکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز کرکٹ بورڈز نے آئی سی سی کے سامنے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
نئے نظام کے مطابق کوالیفائی کرنے والی 12ویں، 13ویں اور 14ویں ٹیموں کے درمیان سپر سیریز کھیلی جائے گی، جس کے بعد صرف ایک ٹیم ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں پہنچ سکے گی۔
دونوں بورڈز کا مؤقف ہے کہ اس تبدیلی سے ایسوسی ایٹ ٹیموں کے عالمی سطح پر کھیلنے کے مواقع مزید محدود ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق اچانک فارمیٹ تبدیل کرنے سے ٹیموں کی طویل مدتی منصوبہ بندی، مالی معاملات اور کھلاڑیوں کی تیاری بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
سکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز نے دیگر ایسوسی ایٹ ممالک کے ساتھ مل کر آئی سی سی سے دو مرتبہ ملاقات کی اور فارمیٹ میں تبدیلی کی وضاحت کے ساتھ مستقبل کے فیصلوں میں بہتر مشاورت کا مطالبہ کیا۔ تاہم ان کے مطابق دوسری ملاقات کے دو ہفتے گزرنے کے باوجود آئی سی سی کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
دونوں بورڈز نے عالمی کرکٹ کے حوالے سے آئندہ فیصلوں میں ایسوسی ایٹ ممالک کو اعتماد میں لینے اور زیادہ شفاف مشاورت کا مطالبہ کیا ہے۔