ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ کے ایک حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ معاملہ نصیرالدین شاہ اور اداکار پیوش مشرا کے درمیان جاری لفظی بحث کے بعد مزید نمایاں ہوا۔
تنازع کا آغاز اس وقت ہوا جب نصیرالدین شاہ نے طلبہ کے احتجاج پر فلم انڈسٹری کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے بالی ووڈ کا موازنہ ایسے کتے سے کیا جو ہڈی منہ میں ہونے کی وجہ سے بھونک نہیں سکتا۔
بعد ازاں پیوش مشرا نے نصیرالدین شاہ کے مؤقف پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ فلم انڈسٹری کی خاموشی پر اعتراض کررہے ہیں تو انہیں خود بھی بتانا چاہیے کہ وہ احتجاج کے دوران کہاں موجود تھے۔
کنگنا رناوت نے پیوش مشرا کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے نصیرالدین شاہ کو ’لومڑی‘ سے تشبیہ دے دی۔ اداکارہ نے ان پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ بھارت میں رہتے اور کماتے ہیں لیکن ان کی ہمدردیاں پڑوسی ملک کے ساتھ ہیں۔
کنگنا کے اس بیان کے بعد نصیرالدین شاہ سے متعلق جاری بحث نے ایک بار پھر سوشل میڈیا اور بھارتی فلم انڈسٹری میں توجہ حاصل کرلی ہے۔