واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں عہدے سے ہٹانا ایک بڑی غلطی ثابت ہوسکتا ہے۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انفانٹینو کو فٹبال کی عالمی تنظیم کے اندر بڑھتی ہوئی مخالفت کا سامنا ہے۔ یوئیفا، کونکاکاف اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن سمیت مختلف تنظیموں نے انفانٹینو کی قیادت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اختلافات کی ایک بڑی وجہ فیفا فارورڈ انٹرپرائز کا منصوبہ تھا، جس کے تحت ورلڈ کپ سمیت فیفا کے مقابلوں کے کمرشل اور ٹکٹنگ حقوق کے لیے نئی کمپنی بنانے اور اس کے 21 فیصد حصص ایک نجی سرمایہ کاری ادارے کو دینے کی تجویز سامنے آئی تھی۔ شدید مخالفت کے بعد یہ منصوبہ واپس لے لیا گیا۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر انفانٹینو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں تاریخ کا کامیاب ترین ورلڈ کپ منعقد ہوا اور انہیں ہٹانے کی صورت میں آئندہ عالمی کپ کی کامیابی اور آمدنی متاثر ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب انفانٹینو کی قیادت پر اختلافات برقرار ہیں اور یوئیفا کی جانب سے فیفا ایونٹس کے بائیکاٹ سمیت قانونی اقدامات کی دھمکی بھی دی جاچکی ہے۔