پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون بڑھانے کیلئے تیار ہیں، ایرانی صدر

10:33 AM, 12 Aug, 2026

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سکیورٹی سمیت تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات علاقائی سکیورٹی اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ایرانی صدر نے یہ بات وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تہران میں ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مسعود پزشکیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بڑھانے سے باہمی مفادات کو یقینی بنانے کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کو بھی تقویت مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایرانی صدر نے پاکستان کی جانب سے ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں دلچسپی کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی و ثقافتی روابط مزید تعاون کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔

محسن نقوی نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مضبوط اور اہم قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں