ارجنٹینا : لیونل میسی کے والد خورخے میسی کے انتقال کے بعد انٹر میامی کے کپتان کی دوبارہ میدان میں واپسی فی الحال غیر یقینی ہے۔ کلب کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے اس مشکل وقت میں میسی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
خورخے میسی ہفتے کے روز ارجنٹائن کے شہر روساریو کے ایک ہسپتال میں 68 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ انٹر میامی کے دفاعی کھلاڑی فاکونڈو مورا نے کہا کہ والد کے انتقال کی خبر نے پوری ٹیم کو غمزدہ کردیا ہے اور سب کھلاڑی میسی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میسی جب بھی دوبارہ کھیلنے کے لیے خود کو تیار محسوس کریں گے، ٹیم انہیں بھرپور سپورٹ فراہم کرے گی۔ ٹیم کے منیجر گیلرمو ہوئیوس نے بھی اس نقصان کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے میسی اور ان کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انٹر میامی کے ایک میچ سے قبل خورخے میسی کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ کھلاڑیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھیں۔ شائقین نے بھی میسی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے سٹیڈیم میں ان کے حق میں نعرے لگائے۔
میسی کی ٹیم میں واپسی کی حتمی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی۔