دبئی : کرپشن سے متعلق تنازعات اور انتظامی مسائل کے بعد ابوظہبی ٹی10 لیگ اپنے دسویں سیزن سے قبل بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ منتظمین کو امید ہے کہ نئی انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کی آمد سے لیگ کو مزید مستحکم کیا جاسکے گا۔
2017 میں شروع ہونے والی یہ لیگ دنیا کے ابتدائی ٹی10 کرکٹ مقابلوں میں شامل رہی ہے، تاہم گزشتہ برسوں میں کرپشن کے معاملات، کھلاڑیوں کی ادائیگیوں میں مشکلات اور فرنچائز مالکان کی تبدیلیوں نے ایونٹ کو متاثر کیا۔
ان مسائل کے پیش نظر ابوظہبی حکومت نے رواں سال ابوظہبی کرکٹ اینڈ سپورٹس ہب کے ذریعے لیگ میں اکثریتی ملکیت حاصل کرلی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد لیگ کو ادارہ جاتی بنیادوں پر مضبوط کرنا اور فرنچائزز کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری قائم کرنا ہے۔
نئی فرنچائز ملکیت کے لیے ڈیلوئٹ کی نگرانی میں بولی کا عمل جاری ہے جبکہ حتمی پیشکشیں رواں ہفتے متوقع ہیں۔
حکام کے مطابق لیگ میں موجودہ آٹھ ٹیموں کی تعداد فوری طور پر بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں، جبکہ آئندہ تین برسوں میں توسیع بھی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔